21 نومبر ، 2022
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے بچوں کے سامنے ماں کا گلا کاٹ کرقتل کرنے والے باپ کو سزائے موت سنادی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے جج عطا ربانی نے 15 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ مجرم ناصرحسین نے 19 نومبر 2020 کو بیوی کو2 بچوں کے سامنے گلا کاٹ کرقتل کیا، 18 سال قبل دونوں کی شادی ہوئی اور وہ سہالہ میں کرائے کے گھر میں رہ رہے تھے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق مقتولہ کی اولاد میں 3 بیٹے 2 بیٹیاں ہیں، مجرم لوڈرچلاتا جب کہ مقتولہ گھروں میں کام کرتی تھی، مجرم نشے کا عادی اور بیوی پرتشدد کرتا تھا، مقتولہ نے رشتہ داروں کو کئی باربتایا۔
فیصلے میں کہا گیا ہےکہ بیٹوں نے عدالت کو بیان میں بتایا کہ والد نے ان کے سامنے والدہ کو قتل کیا، مجرم کے وکیل نے دفاع میں عدالت کو بتایا اس کےخلاف کوئی ثبوت نہیں، مجرم کے وکیل کے مطابق جو ریکوری کی گئی وہ فیک ہے جب کہ پراسیکیوٹرنے عدالت کو بتایا کہ ملزم کا جرم ثابت کرنے کے کافی شواہد موجود ہیں۔
عدالتی فیصلے کے بعد بچوں کی گواہی نے باپ کو سزائے موت دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔