21 نومبر ، 2022
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں جگہ نا بنانے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
حسن علی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر تصویر شیئر کی، ساتھ ہی انہوں نے اپنے دوستوں کو اسکواڈ میں منتخب ہونے کے لیے مبارکباد دی اور لکھا 'میرے ان تمام دوستوں کو مبارک ہو جو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم کا حصہ بنے ہیں'۔
حسن علی نے لکھا 'ان شاءاللہ میں ڈومیسٹک کرکٹ میں سخت محنت کروں گا اور ٹیم میں اپنی جگہ دوبارہ حاصل کروں گا'۔
فاسٹ بولر کی ٹوئٹر پر ان کے قریبی ساتھی اور آل راؤنڈر شاداب خان نے ردعمل دیا اور کہا 'اسی لیے آپ کی ایک چیمپئن والی ذہنیت ہے، آپ ہمیشہ اپنی ٹیم کو سپورٹ کرتے ہیں اور سخت محنت کرتے ہیں'۔
خیال رہے کہ پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا جس میں سابق کپتان سرفراز احمد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
18 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ میں کپتان بابراعظم، محمد رضوان، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، اظہر علی، فہیم اشرف، حارث روف، امام الحق، محمد علی، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر ، نسیم شاہ ، نعمان علی، سلمان علی آغاز، سرفراز احمد، سعود شکیل، شان مسعود اور زاہد محمود شامل ہیں۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز یکم دسمبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا، دوسرا ٹیسٹ 9 دسمبر کو ملتان جب کہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 17 دسمبر سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔