22 نومبر ، 2022
آئندہ چند دنوں میں پاکستان کے دورے پر آنے والی انگلش ٹیم اپنا شیف بھی ساتھ لائے گی۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز دسمبر میں کھیلی جائے گی جس کے لیے انگلش ٹیم 27 نومبر کو پاکستان آئے گی۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق بین اسٹوکس کی قیادت میں آنے والی ٹیم اپنا شیف بھی ساتھ لائے گی جب کہ انگلش ٹیم کے ساتھ آنے والا شیف وہی شیف ہے جو 2018 کے فیفا ورلڈکپ میں انگلینڈ کی مینز فٹبال ٹیم کا شیف تھا۔
کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ نے پہلی مرتبہ غیر ملکی دورہ کرنے پر ٹیم کے لیے ایک شیف کو رکھا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2019 میں نیوزی لینڈ کے دورے کے دوران انگلش ٹیم کے کرکٹر جیک لیچ فوڈ پوائزن کا شکار ہوگئے تھے جس وجہ سے انہیں اسپتال منتقل کرنا پڑا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی میچز کے دوران انگلش کرکٹر معین علی نے کراچی اور لاہور کے کھانوں بات کی تھی جس میں انہوں نے لاہور کے مقابلے میں کراچی کے کھانوں کی تعریف کی تھی۔