دنیا کی مہنگی ترین فلم جسے کامیاب ہونے کیلئے بھی اربوں ڈالرز کمانے ہوں گے

اواتار کا دوسرا حصہ 16 دسمبر کو ریلیز ہوگا / اسکرین شاٹ
اواتار کا دوسرا حصہ 16 دسمبر کو ریلیز ہوگا / اسکرین شاٹ

ہالی وڈ ڈائریکٹر جیمز کیمرون کو ٹائی ٹینک اور اواتار جیسی کامیاب فلموں کے لیے جانا جاتا ہے۔

مگر ان کی نئی فلم دنیا کی مہنگی ترین فلم ہے جس کی ریلیز کے بعد مالی نقصان سے بچنا اسی وقت ممکن ہوسکے گا جب وہ دنیا کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی تیسری یا چوتھی فلم بنے۔

یہ انکشاف خود جیمز کیمرون نے ایک انٹرویو کے دوران کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ڈزنی کے عہدیداران کو آگاہ کردیا ہے کہ یہ فلمی تاریخ کا بدترین بزنس کیس ہے۔

فلم کا بجٹ کیا ہے یہ تو ڈائریکٹر نے نہیں بتایا مگر ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت مہنگی فلم ہے۔

اس وقت دنیا کی سب سے مہنگی فلم کا ریکارڈ پائریٹس آف کیرئیبین آن اسٹرینجر ٹائیڈز کے پاس ہے جس کا بجٹ 42 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز تھا۔

انٹرویو کے دوران جب جیمز کیمرون سے پوچھا گیا کہ کتنے بزنس کے بعد اواتار 2 سے مالی نقصان نہیں ہوگا تو ان کا کہنا تھا کہ اسے سب سے زیادہ بزنس کرنے والی تیسری یا چوتھی فلم ہونا چاہیے، جس کے بعد ہم کہہ سکیں گے کہ کوئی نقصان نہیں ہوا۔

یعنی اس کے لیے اواتار 2 کو اسٹار وارز دی فورس اویکن یا ایوینجرز انفٹنی وار کو پیچھے چھوڑنا ہوگا۔

فلم سے منافع اسی وقت ممکن ہوگا جب اواتار 2 کا بزنس ایوینجرز اینڈ گیم سے زیادہ ہو جس نے دنیا بھر میں 2 ارب 70 کروڑ ڈالرز سے زیادہ بزنس کیا۔

2 ارب ڈالرز سے کم بزنس کا مطلب مالی نقصان ہوگا۔

2009 میں ریلیز ہونے والی اواتار دنیا میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم ہے جس نے 2 ارب 90 کروڑ ڈالرز کمائے۔

خیال رہے کہ اواتار 2 کو دنیا بھر میں 16 دسمبر کو ریلیز کیا جارہا ہے۔

مزید خبریں :