دفتری سیاست سے بچنے کیلئے خاتون نے قبرستان میں ملازمت کرنا شروع کردی

چین کے علاقے چنگ چونگ کے قبرستان میں یہ خاتون کام کرتی ہے / فوٹو بشکریہ ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ
چین کے علاقے چنگ چونگ کے قبرستان میں یہ خاتون کام کرتی ہے / فوٹو بشکریہ ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ

دفتری سیاست سے بچنے اور زندگی میں بہتر توازن کی خواہشمند ایک خاتون نے قبرستان میں کام کرنا شروع کردیا۔

چین سے تعلق رکھنے والی 22 سالہ ٹان کی جانب سے ٹک ٹاک کے چینی ورژن Douyin میں 'پرامن دفتر' کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی گئی تھیں جو وائرل ہوگئیں۔

چین کے علاقے چنگ چونگ کے ایک پہاڑی قبرستان میں یہ خاتون کام کررہی ہے۔

خاتون نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ یہ ایک سادہ اور آسان ملازمت ہے، یہاں کتے، بلیاں اور انٹرنیٹ بھی موجود ہیں۔

ٹان نے بتایا کہ اس ملازمت سے اسے کافی فارغ وقت ملتا ہے، یہاں کا ماحول بھی دفتری سیاست سے پاک ہے، جبکہ زیادہ لمبا سفر بھی نہیں کرنا پڑتا۔

خاتون کے مطابق 'چونکہ میں یہاں رہتی ہوں تو مذاق میں خود کو قبروں کی محافظ کہتی ہوں'۔

خاتون کی جانب سے شیئر کی تصاویر / فوٹو بشکریہ ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ
خاتون کی جانب سے شیئر کی تصاویر / فوٹو بشکریہ ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ

ٹان کی ملازمت کی ذمہ داریوں میں قبرستان میں آنے والے افراد پر نظر رکھنا، کتبے فروخت کرنا اور قبروں کا خیال رکھنا شامل ہے۔

خاتون کو ماہانہ 4 ہزار یوآن (ایک لاکھ 25 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) تنخواہ دی جاتی ہے جبکہ ہفتے میں 6 دن صبح ساڑھے 8 بجے سے شام 5 بجے تک کام کرنا ہوتا ہے، جس کے دوران دوپہر کے کھانے کے لیے 2 گھنٹے کا وقفہ بھی ملتا ہے۔

حکومتی ڈیٹا کے مطابق چونگ چنگ میں ایک فرد کی سالانہ اوسط تنخواہ 33 ہزار 800 یوآن ہے جو ماہانہ 2800 یوآن بنتی ہے۔

انٹرنیٹ پر لوگوں کے کمنٹس کا جواب دیتے ہوئے خاتون نے کہا کہ 'یہ ایک عام ملازمت ہے، میں کوئی ایسا کام کرنا چاہتی تھی جو عام ہو، میں اپنی زندگی سے مطمئن ہوں اور اس ملازمت کو جاری رکھنا چاہتی ہوں'۔

مزید خبریں :