ورون دھون کا ثانیہ مرزا کے حوالے سے حیران کن انکشاف

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

بالی وڈ اسٹار  ورون دھون کا شمار فلم انڈسٹری کے مشہور اداکاروں میں ہوتا ہے۔ ان دنوں وہ اداکارہ کریتی سینن کے ساتھ اپنی فلم بھیڑیا کی پروموشن میں مصروف ہیں۔

فلم کی پروموشن کے دوران حال ہی میں بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ورون دھون نے ثانیہ مرزا کے حوالے سے ایک انکشاف بھی کیا۔ 

بالی وڈ اداکار ورون دھون نےانٹرویو میں بتایا کہ ایک وقت تھا کہ مجھے  بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا  پر کرش آگیا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مضحکہ خیز لیکن خوبصورت یادوں کو بیان کرتے ہوئے ورون دھون نے بتایا کہ اداکاری میں آنے سے قبل میں ایک پروڈکشن ہاؤس کے ساتھ اشتہار میں کام کر رہا تھا جس میں ثانیہ مرزا بھی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں تقریباً 300 جوتے لینے تھے اس لیے میں ممبئی میں واقع مال گیا اور 300 جوتے کرائے پر لیے۔ مجھے اس وقت ثانیہ مرزا پر کرش تھا۔

ورون نے مزید بتایا کہ اس وقت ثانیہ نے مجھ سے  سیب مانگا تو میں ان کے لیے سیب لے آیا اور ان کی امی کو دیے، سیب دیکھ کر ثانیہ کی والدہ نے کہا کہ یہ کس نے منگوائے۔شکر ثانیہ نے اس وقت فوراً آکر کہا کہ یہ مجھے چاہیے تھے۔

واضح رہے کہ ان دنوں بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کے درمیان علیحدگی کی خبریں گرم ہیں۔

گزشتہ دنوں خلیجی اخبار نے اپنی رپورٹ میں لکھا تھا کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزاکی شادی 12 سال رہنے کے بعد ختم ہونے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔

تاہم اس حوالے سے اب تک ثانیہ اور شعیب کی جانب سے کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔

مزید خبریں :