25 نومبر ، 2022
معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی نے کہا ہے الحمداللہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار ایک حافظِ قرآن آرمی چیف کا تقرر ہو رہا ہے۔
گزشتہ روز صدر مملکت عارف علوی نے اہم تقرریوں سے متعلق سمری پر دستخط کیے جس کے بعد جنرل عاصم منیر نئے آرمی چیف اور جنرل ساحر شمشاد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر ہوگئے ۔
آرمی چیف کی تقرری کے بعد معروف عالم دین نے ایک بیان میں کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار ایک حافظِ قرآن آرمی چیف کا تقرر ہو رہا ہے، امید ہے جنرل عاصم منیر اپنے فرائض کی ادائیگی میں قرآنی ہدایات کو مدِنظر رکھیں گے۔
اس کے علاوہ پاکستان علما کونسل کے سربراہ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاكستان كے علما و مشائخ جنرل عاصم منير کی سپہ سالار اور جنرل ساحر شمشاد مرزا کی بطور چیئرمین جوائنٹ چيفس تقرری کو فخر اور اعزاز سمجھتے ہیں ۔
واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر پہلے آرمی چیف ہوں گے جو ملٹری انٹیلی جنس اور آئی ایس آئی میں رہ چکے ہیں، جنرل عاصم منیر پہلے آرمی چیف ہیں جو اعزازی شمشیر یافتہ ہیں۔ وہ حافظ قرآن بھی ہیں۔