25 نومبر ، 2022
الیکشن کمیشن نے پنجاب میں 5 سال بعد بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے حلقہ بندیوں کی تیاریاں شروع کردیں، تیاریوں کی تکمیل اور حالات نارمل ہونے کی صورت میں بلدیاتی الیکشن مارچ میں ہوسکتے ہیں۔
محکمہ بلدیات نے 11 میٹرو پولیٹن کارپوریشنز اور 39 ضلع کونسلوں کی سیٹوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ محکمہ بلدیات سے ہر یونین کونسل کی حلقہ بندی کیلئے نقشے اور حد بندی کا نوٹیفکیشن طلب کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کی سربراہی میں پنجاب کے 39 اضلاع میں ڈسٹرکٹ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، اس کے بعد حلقہ بندیوں کیلئے ڈرافٹ بنائے جائیں گے اور ہر ضلع کے الیکشن کمشنر دفتر میں حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرستیں آویزاں کی جائیں گی۔
الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق اس عمل میں 3 ماہ لگیں گے اور وہ مارچ میں الیکشن کیلئے تیار ہوں گے۔
دوسری جانب محکمہ بلدیات نے 11 میٹرو پولیٹن کارپوریشنز کی سیٹوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
لاہور میں 150 سیٹیں، فیصل آباد اور رحیم یار خان میں 80-80 سیٹیں ہوں گی جبکہ 39 اضلاع کی ڈسٹرکٹ کونسلوں کی سیٹوں کا بھی اعلان کردیا گیا۔