27 نومبر ، 2022
تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی کے خلاف متنازع ٹوئٹس پر کراچی، کوئٹہ اور جیکب آباد میں مقدمات درج کرلیے گئے۔
سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں 6 مقدمات درج ہوئے اور یہ مقدمات شہریوں کی مدعیت میں درج کیے گئے۔
اعظم سواتی کےخلاف بن قاسم، شاہ لیطف ٹاون، درخشان،کلفٹن اور اورنگی ٹاون تھانوں مقدمات درج ہوئے۔
درخشاں تھانے میں بھی شہری کی مدعیت میں درج کیا گیا جس کے مدعی طارق آرائیں کے مطابق ٹوئٹ سے نفرت پھیل سکتی ہے، اعظم سواتی کے ٹوئٹ سے مجھے انتہائی دکھ ہوا۔
مدعی مقدمہ کا کہنا تھاکہ اعظم سواتی کے ٹوئٹ سے نقص امن کا مسئلہ ہوسکتا ہے۔
علاوہ ازیں اعظم سواتی کےخلاف کوئٹہ کے کچلاک پولیس اسٹیشن میں بھی مقدمہ درج کیا گیا۔
اعظم سواتی کےخلاف مقدمہ شہری عزیز الرحمان نے درج کرایا جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اعظم سواتی نے راولپنڈی میں تقریر اور ٹوئٹر پرپاک فوج کےخلاف غلط زبان استعمال کی لہٰذا پاک فوج کےخلاف لوگوں کو اکسانےپراعظم سواتی کےخلاف کارروائی کی جائے۔
جیکب آباد کے صدر تھانے میں سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف مقدمہ درج ہوا اور یہ مقدمہ شہری کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
خیال رہے کہ اسلام آباد پولیس نے سوشل میڈیا پر متنازع بیانات دینے کے الزام میں پی ٹی آئی کے سینیٹر اعظم سواتی کو گرفتار کیا ہے اور عدالت سے ان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔