30 نومبر ، 2022
ٹوئٹر کی جانب سے کووڈ 19 کے حوالے سے گمراہ کن مواد پوسٹ کیے جانے پر اب کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی جانب سے خاموشی سے کووڈ 19 مس انفارمیشن پالیسی کو ختم کردیا گیا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق کمپنی نے 23 نومبر 2022 کو کووڈ پالیسی پر عملدرآمد روک دیا تھا مگر اس کا علم 28 نومبر کو صارفین کو ہوا۔
اب ٹوئٹر کی جانب سے کووڈ 19 ویکسینز کی افادیت اور محفوظ ہونے کے حوالے سے جعلی دعوؤں پر مبنی پوسٹس پر کوئی ایکشن نہیں لیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک خود اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اس وبائی مرض کے بارے میں گمراہ کن مواد شیئر کرچکے ہیں۔
گزشتہ دنوں ایلون مسک نے ٹوئٹر میں بلاک کیے گئے اکاؤنٹس کو عام معافی دینے کا اعلان کیا تھا اور کووڈ کے بارے میں افواہیں پھیلانے والے اکاؤنٹس کو بحال کردیا تھا۔
ٹوئٹر کی جانب سے جنوری 2020 میں کووڈ پالیسی کا نفاذ کیا تھا جس کا مقصد سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں وبائی مرض کے حوالے سے نقصان دہ مواد کو پھیلنے سے روکنا تھا۔
اس کے بعد سے 11 ہزار اکاؤنٹس کو قوانین کی خلاف ورزی پر معطل کیا گیا جبکہ ایک لاکھ کے قریب پوسٹس ڈیلیٹ کی گئی۔