Time 02 دسمبر ، 2022
کھیل

پی سی بی کے اعلیٰ عہدیدار انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ کی پِچ سے ناخوش

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے اعلیٰ عہدیدار انگلینڈکے خلاف راولپنڈی میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ کی پِچ  سے  ناخوش ہیں۔

انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان 3 میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن انگلش بلے بازوں نے ٹیسٹ میچ کو ٹی ٹوئنٹی بنادیا، راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستانی بولنگ لائن کے بخیے ادھیڑ دیے، پہلے روز ہی زیک کرولی، بین ڈکٹ، اولی پوپ اور ہیری بروک نے سنچریاں داغ دیں۔

راولپنڈی میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کے اختتام پر انگلینڈ نے 4 وکٹ پر506 رنزبنا کر 112 سالہ ریکارڈ بھی توڑ دیا، اس سے قبل 1910 میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کے خلاف پہلے دن 494 رنز بنائے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف پاکستانی بولرز کو کسی قسم کی مدد نہ ملنے پر راولپنڈی ٹیسٹ کی پِچ سے پی سی بی کے اعلیٰ عہدیدار کافی ناخوش ہیں جبکہ ٹیم منیجمنٹ نے بھی فلیٹ پِچ کی صورتحال پر مایوسی کا اظہارکیا ہے۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے ہیڈ کیوریٹر کو جو پلان دیا گیا،پِچ اس کے بَرعکس بنی جس پر چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے بھی اسٹیڈیم میں پِچ کے حوالے سے غصے کا اظہار کیا۔

اس سے قبل آسٹریلیا کے خلاف پنڈی ٹیسٹ کی پِچ پر بھی پی سی بی کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میں پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ ملا تھا، آئندہ 4 سال میں 4 مزید ڈی میرٹ پوائنٹس ملے تو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کو ایک سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

مزید خبریں :