02 دسمبر ، 2022
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کو انگلینڈکے خلاف راولپنڈی میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ میں بے جان پِچ بنانے پر کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،ایسے میں سابق کپتان شاہد آفریدی پچز کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی کے بیان پر برس پڑے۔
انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان 3 میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن انگلش بلے بازوں نے ٹیسٹ میچ کو ٹی ٹوئنٹی بنایا، راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستانی بولنگ لائن کے بخیے ادھیڑ دیے، پہلے روز ہی زیک کرولی، بین ڈکٹ، اولی پوپ اور ہیری بروک نے سنچریاں داغ دیں۔
راولپنڈی میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کے اختتام پر انگلینڈ نے 4 وکٹ پر506 رنزبنا کر 112 سالہ ریکارڈ بھی توڑا، اس سے قبل 1910 میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کے خلاف پہلے دن 494 رنز بنائے تھے۔
تاہم چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے پنڈی اسٹیڈیم کی بے جان وکٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کی پچ میرے لیے باعث شرمندگی ہے۔
جمعہ کو برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے رمیز راجہ نے اعتراف کیا، بدقسمتی سے میں ٹیسٹ میچ کی پچ کے حوالے سے مسئلے کا حل نہیں نکال سکا، اس پچ سے کافی مایوسی ہوئی۔
انہوں نے کہا یہی وجہ ہے کہ میں پاکستان میں ڈراپ ِان پچز پر زور دے رہا ہوں، ملتان اور کراچی میں بھی اسی طرح کی پچز ملیں گی، جہاں ہمیں اچھا باؤنس نہیں ملتا، مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ ہم کیسی پچز بنارہے ہیں۔
بعد ازاں سابق کپتان شاہد آفریدی راولپنڈی کی پچ کے حوالے سے رمیز راجہ کا بیان سن کر حیران رہ گئے۔
نجی ٹی وی چینل پر بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے فاسٹ بولرز کے لیے سازگار راولپنڈی اسٹیڈیم کی روایتی پچ کےساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی کوشش کرنے پر چیئرمین پی سی بی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں سن کر حیران رہ گیا کہ رمیز راجہ نے کہا کہ ہم بولرز کے لیے سازگار پچز نہیں بنا سکتے، اتنے عرصے سے پاکستان میں انٹرنیشنل میچز ہو رہے ہیں لیکن ہم ایسی باتیں کررہے ہیں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ راولپنڈی کی پچ ہمیشہ سے فاسٹ بولرز کے لیے سازگار رہی ہے، پی سی بی نے پچ کے ساتھ چھیڑ چھاڑکیوں کی؟ ہمیں اب یہ ٹیسٹ ہارنے کا خوف ہے اور ہم جیتنا بھی چاہتے ہیں لیکن ہمیں تکنیک معلوم ہی نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے بہت سے ڈومیسٹک میچز کھیلے ہیں پر پنڈی کی ایسی پچ کبھی نہیں دیکھی۔
واضح رہے کہ انگلینڈ نے پنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 506 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے شروع کیا اور پھر پوری انگلش ٹیم 657 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
جواب میں راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز انگلینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں657 رنز کے جواب میں پاکستان نے دن کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 181 رنز بنالیے۔