03 دسمبر ، 2022
ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک نےمشہور امریکی ریپرکین ویسٹ المعروف 'یے'کا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل کر دیا۔
ایلون مسک نے کہا کہ ٹوئٹر کے تشدد پر اکسانے کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر جمعہ کو امریکی ریپر یے کا ٹوئٹر اکاؤنٹ دوبارہ معطل کر دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریپر نے یہودیت کی ایک نمایاں علامت اسٹار آف ڈیوڈ کے اندر نازیوں کی علامت سواستیکا کی تصویر ٹوئٹر پر پوسٹ کی تھی۔
ایک صارف کی جانب سے یے کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بحال کرنے کی درخواست پر مسک نے کہا کہ میں نے کافی کوشش کی لیکن اس کے باوجود امریکی ریپر نے پھر تشدد پر اکسانے کے خلاف ہمارے اصول کی خلاف ورزی کی۔
اس سے قبل اکتوبر میں بھی ٹوئٹر نے یہودیوں کے بارے میں دھمکی آمیز اور نفرت انگیز تبصروں والی ٹوئٹس کرنے پر امریکی ریپر کا اکاؤنٹ غیر معینہ مدت کے لیے معطل کردیا تھا تاہم نومبر میں سے اسے بحال کردیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ کین ویسٹ جو قانونی طور پر اپنا نام Ye سے بدل چکے ہیں نے گزشتہ دنوں 2024 کے لیے امریکی صدر کی دوڑ میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔