Time 03 دسمبر ، 2022
کھیل

پنڈی ٹیسٹ : پاکستان نے7 وکٹ پر 499 رنزبنالیے، 158 رنزکا خسارہ باقی

اما م الحق اور عبد اللہ شفیق نے کیرئیر کی تیسری سنچریاں اسکور کیں، بابر نے کیرئیر کی آٹھویں سنچری بنائی۔ فوٹو سوشل میڈیا
اما م الحق اور عبد اللہ شفیق نے کیرئیر کی تیسری سنچریاں اسکور کیں، بابر نے کیرئیر کی آٹھویں سنچری بنائی۔ فوٹو سوشل میڈیا

راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔

پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستانی بیٹرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، قومی ٹیم کے تین کھلاڑیوں نے سنچریاں بنا کر ٹیم کو فالو آن سے بچالیا، تیسرے دن کھیل کے اختتام تک پاکستان نے7 وکٹ پر 499 رنزبنالیے ہیں تاہم اب بھی 158 رنزکا خسارہ باقی ہے ، آغاسلمان 10 اور زاہد محمود ایک رن بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

اس سے قبل آج راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستان نے 181 رنز سے اننگز آگے بڑھائی، عبداللہ شفیق نے سنچری مکمل کی، 225 رنز پر عبداللہ 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ، عبداللہ اور امام کے درمیان ٹیسٹ کرکٹ پاکستان کی 225 رنزکی ریکارڈ شراکت قائم ہوئی، امام الحق نے بھی سنچری اسکورکی وہ 121 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، دوسری جانب بابراعظم ایک اینڈ سے رنزبناتے رہے۔

اظہرعلی بھی 27 رنزبناکر ساتھ چھوڑ گئے، سعود شکیل نے 37 رنزبنائے، اس دوران بابراعظم نے بھی سنچری مکمل کرلی، بابر نے 126 گیندوں پر 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مددسے انگلینڈ کےخلاف پہلی اور ٹیسٹ کیریئرکی آٹھویں سنچری اسکورکی ، بابر 136 رنزبناکرآؤٹ ہوگئے، محمد رضوان بھی 29 رنزبناچلتے بنے ، نسیم شاہ 15 رنزبناکر کیچ تھماگئے۔

انگلینڈ کی جانب سے ول جیکس نے تین وکٹیں حاصل کیں ، جیک لیچ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جیمز اینڈرسن  پاکستان کی سرزمین پر سترہ سال بعد وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے ، اولی پوپ نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔

دن کے اختتام تک پاکستان نے 7 وکٹ کے نقصان پر 499 رنزبنالیے ہیں اور اسے انگلینڈ کا خسارہ ختم کرنےکےلیے مزید 158 رنزدرکار ہیں۔

انگلینڈ نے پنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 657 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستان نے گزشتہ روز بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 181 ر نز بنا لیے تھے۔

انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک نے 153، اولی پوپ نے 108، بین ڈکٹ نے 107 اور ریک کرالی نے 122 رنز کی اننگز کھیلی تھیں جبکہ پاکستان کی جانب سے زاہد محمود نے 4 اور نسیم شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

مزید خبریں :