دنیا
Time 03 دسمبر ، 2022

دوران ڈرائیونگ ڈرائیور کو دل کا دورہ پڑنے سے بس بے قابو، ٹکر سے ایک شخص ہلاک

ڈرائیور ہردیو پال کی عمر 60 سال تھی اور وہ ایک دہائی سے سٹی میٹرو بس سروس کا ڈرائیور تھا: بھارتی میڈیا/ اسکرین گریب
ڈرائیور ہردیو پال کی عمر 60 سال تھی اور وہ ایک دہائی سے سٹی میٹرو بس سروس کا ڈرائیور تھا: بھارتی میڈیا/ اسکرین گریب

بھارت میں ڈرائیونگ کے دوران بس ڈرائیور کی موت واقع ہونے کے بعد بے قابو بس سگنل پر کھڑے متعدد افراد میں جا گھسی جس سے ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مدھیا پردیش کے شہر جبل پور سے ایک ویڈیو سامنے آئی ہے  جس میں ایک بس کو بے قابو حالت میں دیکھاگیا۔

پولیس کےمطابق ڈرائیور کو چلتی بس میں دل کا دورہ پڑا جس سے بس بے قابو ہوئی اور سگنل پر کھڑی متعدد گاڑیوں کو ٹکر مار دی جب کہ اس دوران سگنل پر کھڑے افراد بھی بس کی زد میں آگئے جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بس کی رفتار کم ہونے کی وجہ سے جانی نقصان زیادہ نہیں ہوا، حادثے میں 6 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں بس کے مسافروں سمیت ای رکشہ میں سوار 2 بچے بھی شامل ہیں جب کہ بس کی ٹکر سے معمر شخص دوران علاج ہلاک ہوگیا ہے۔ 

میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈرائیور ہردیو پال کی عمر 60 سال تھی اور وہ ایک دہائی سے سٹی میٹرو بس سروس کا ڈرائیور تھا، اسے دوران ڈرائیور کو دل کا دورہ پڑا اور وہ اسٹیئرنگ پر ہی گر گیا۔