ورلڈکپ میں برازیل کی کامیابی کا خواہشمند خاندان جس کے ہر فرد کے ہاتھ میں 6 انگلیاں ہیں

اس خاندان کو فیملی سکس کے نام سے بھی جانا جاتا ہے / رائٹرز فوٹو
اس خاندان کو فیملی سکس کے نام سے بھی جانا جاتا ہے / رائٹرز فوٹو

برازیل سے تعلق رکھنے والا ایک خاندان ایسا ہے جس کے لگ بھگ تمام افراد کے ہر ہاتھ میں 6 انگلیاں ہیں اور انہیں امید ہے کہ اس بار برازیلین ٹیم چھٹی بار فٹبال ورلڈکپ جیتنے میں کامیاب ہوجائے گی۔

اس طرح وہ برازیل کی جانب سے جیتے جانے والے تمام ورلڈکپس کو اپنے ایک ہاتھ میں گن سکیں گے۔

ڈاسلوا خاندان کو فیملی سکس کی عرفیت سے بھی جانا جاتا ہے اور اس کے 15 افراد کے ہر ہاتھ میں 6 انگلیاں ہیں بلکہ کچھ کے تو پیروں میں بھی 6 انگلیاں ہیں۔

انہیں توقع ہے کہ برازیلین ٹیم کے کپتان تھیاگو سلوا چھٹا ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

اس خاندان کے افراد کے ہاتھوں میں 6 انگلیوں کی موجودگی ایک جینیاتی میوٹیشن کا نتیجہ ہے / اسکرین شاٹ
اس خاندان کے افراد کے ہاتھوں میں 6 انگلیوں کی موجودگی ایک جینیاتی میوٹیشن کا نتیجہ ہے / اسکرین شاٹ

خیال رہے کہ برازیل فٹبال ورلڈکپ کی سب سے زیادہ کامیاب ٹیم ہے جس نے 1958، 1962، 1970، 1994 اور 2002 میں ورلڈکپ جیتنے میں کامیابی حاصل کی۔

ڈا سلوا خاندان کو توقع ہے کہ قطر میں برازیل چھٹی بار ٹرافی جیتنے میں کامیاب ہوگا۔

یہ واضح رہے کہ سلوا خاندان اور برازیلین کپتان رشتے دار نہیں۔

برازیل 5 دسمبر کو جنوبی کوریا کو شکست دے کر ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں پہنچ گیا جہاں اس کا مقابلہ کروشیا سے ہوگا۔

برازیلین دارالحکومت کے علاقے Aguas Claras میں رہنے والے سلوا خاندان کے افراد کے ہاتھوں میں 6 انگلیوں کی موجودگی ایک جینیاتی میوٹیشن کا نتیجہ ہے اور ایسا 4 نسلوں سے ہورہا ہے۔

اس خاندان پر ایک تحقیق بھی ہوئی تھی / اے پی فوٹو
اس خاندان پر ایک تحقیق بھی ہوئی تھی / اے پی فوٹو

اس خاندان کو اعتماد ہے کہ ان کی ٹیم توقعات پر پوری اترے گی۔

یہ خاندان سب سے پہلے 2014 میں برازیل میں ہونے والے ورلڈکپ کے دوران توجہ کا مرکز بنا تھا۔

اس خاندان کے 2 افراد 2015 میں جرمنی گئے تاکہ تحقیق میں معلوم ہوسکے کہ اس خاندان کے لوگوں کے ہاتھوں میں 6 انگلیاں کیوں ہوتی ہیں۔

اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ عام افراد کے برعکس اس خاندان کے افراد کے ہاتھ زیادہ مسلز اور اعصاب کو کنٹرول کرتے ہیں۔

مزید خبریں :