دنیا
Time 06 دسمبر ، 2022

چینی صدر کا 2016 کے بعد سعودیہ کا پہلا دورہ، متعدد معاہدے متوقع

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

چینی صدرشی جن پنگ کل تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچیں گے جہاں وہ دیگر عرب سربراہان مملکت سے بھی ملاقات کریں گے۔

سعودی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ 7 دسمبر سے 9 دسمبر تک مملکت کے سرکاری دورے پر سعودی عرب میں ہوں گے اور وہ چینی سعودی سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

خیال رہےکہ  صدر شی جن پنگ 6 سال بعد سعودی عرب کا دورہ کررہے ہیں اس سے قبل 2016 میں انہوں نے تیل برآمد کرنے والے اس بڑے ملک کا دورہ کیا تھا،  چینی صدر کے حالیہ دورے کے دوران توانائی اور سرمایہ کاری کے متعدد معاہدے متوقع ہیں۔

سعودی خبر ایجنسی کے مطابق دورےکا مقصد سعودی عرب اور  چین کے درمیان 'اسٹریٹجک پارٹنرشپ'  اور معاشی تعلقات کو مضبوط کرنا ہے، چینی صدر سعودیہ چین سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے، اجلاس میں 29 ارب 30 کروڑ ڈالر سے زائد کے معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔

سعودی خبرایجنسی کا کہنا ہےکہ چینی صدر خلیجی تعاون کونسل کے اجلاس میں بھی شریک ہوں گے جس میں بڑی تعداد میں دیگر عرب ممالک کے سربراہان شریک ہوں گے۔

دوسری جانب برطانوی خبر ایجنسی کا کہنا ہےکہ دورہ سعودی عرب میں چینی صدر سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ہونے والی ملاقاتوں میں خطےکی سکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

مزید خبریں :