ہیرا پھیری 3 میں اکشے یا کارتک میں سے کون ہوگا؟ فلم کے ممکنہ ڈائریکٹر کا بیان آگیا

فوٹو: فائلہر
فوٹو: فائلہر

گزشتہ دنوں یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ بالی وڈ کی معروف فلمی سیریز ہیرا پھیری کے تیسرے حصے میں اکشے کمار کی جگہ  اداکار کارتک آریان ادکاری کرتے نظر آئیں گے۔

کچھ روز قبل اداکار پریش راول نے ٹوئٹر پر اس بات کی تصدیق کی کہ کارتک آریان ہیرا پھیری 3 میں کام کریں گے، جس کے بعد اکشے کمار نے بھی تصدیق کی تھی کہ وہ اسکرپٹ سے مطمئن نہ ہونے کے باعث ہیرا پھیری 3 میں کام نہیں کررہے۔

اب اس حوالے سے فلم ہیرا پھیرا تھری کے ممکنہ ڈائریکٹر  انیس بزمی کا بیان بھی سامنے آگیا ہے۔ 

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق  انیس بزمی نے ہیرا پھیری 3 کی کاسٹنگ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پروڈیوسرز کی جانب سے  اس بارے میں نہیں بتایا گیا کہ آیا اکشے کمار اور کارتک آریان اس فلم کا حصہ ہوں گےیا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان سے فلم کی ہدایت کاری کے لیے رابطہ کیا گیا ہے لیکن پروڈیوسرز نے انہیں اکشے اور کارتک کے فلم میں کام کرنے کے بارے میں نہیں بتایا۔

انیس بزمی کا کہنا تھا کہ ہیرا پھیری 3 کے پروڈیوسرز چاہتے ہیں میں فلم کی ہدایت کاری کروں، فی الحال میں اپنی ایک دو فلموں میں مصروف ہوں، اس لیے  دیکھتے ہیں کہ اس فلم پر کب اور کیسے کام ہوگا۔

خیال رہے کہ بالی وڈ کی مقبول ترین فلم 'ہیرا پھیری' کو 2000 میں ریلیز کیا گیا تھا جس کی کامیابی کے بعد اس کا سیکوئل 'پھر ہیرا پھیری' 2006 میں ریلیز ہوا، دونوں میں اکشے کمار، پریش راول اور سنیل شیٹی نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔

دونوں فلموں میں اکشے کمار نے راجو کا کردار ادا کیا تھا مگر رپورٹس کے مطابق انہوں نے اسکرپٹ کی وجہ سے تیسرے حصے میں کام کرنے سے انکار کیا۔ 

مزید خبریں :