07 دسمبر ، 2022
حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات پر آمادگی سے متعلق خبروں پر سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان پی ڈی ایم کے رہنماؤں کو ماضی میں چور اور لُٹیرا کہتے رہے ہیں، ان سے کسی صورت بات نہیں ہو سکتی۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ اسمبلیاں توڑنے والا پہلے اپنے اندرونی خلفشار کو سنبھالے، نہ قبل از وقت الیکشن ہوں گے اور نہ کوئی دباؤ قبول کیا جائےگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے رہنما سردار ایاز صادق نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات ہونے چاہئیں۔
جبکہ پی ٹی آئی کے ساتھ جاری سیاسی ڈیڈ لاک کو دور کرنے کے لیے وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چند روز کے دوران تیسری ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی و معاشی معاملات اور صوبائی اسمبلیوں سے مستعفی ہونے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔