08 دسمبر ، 2022
سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں ہیوی ٹریفک پر پابندی کے حکم پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیا ہے۔
کراچی میں دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک کے داخلے سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران ڈی آئی جی ٹریفک عدالت میں پیش ہوئے۔
ڈی آئی جی ٹریفک کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی جس پر جسٹس ندیم اختر نے استفسار کیا کہ پہلے والے ڈی آئی جی ٹریفک کہاں ہیں؟ کیا ان کا تبادلہ ہو چکا، عدالت سے تبادلے کی اجازت لی گئی تھی؟
جسٹس ندیم اختر نے ریمارکس دیے کہ اس سے یہ پتہ چلتا ہے محکمہ عدالت کے آرڈرز کو کتنا سنجیدہ لیتا ہے، عدالت نے ڈی آئی جی ٹریفک سے استفسار کیا کہ آپ کو ہیوی ٹریفک سے متعلق عدالتوں کے احکامات کا علم ہے؟
ڈی آئی جی ٹریفک نے بتایا کہ رات 11 سے صبح چھ بجے تک ہیوی ٹریفک شہر میں جا سکتا ہے، سپر ہائی وے سے نیو کراچی، نیشنل ہائی وے سے منزل پمپ پر ہیوی ٹریفک جا سکتا ہے، کے پی ٹی، ناردرن بائی پاس سے بھی ہیوی ٹریفک جا سکتا ہے۔
سندھ ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ ہیوی ٹریفک کو آج سے دن کے اوقات میں شہر میں داخل ہونے سے روکا جائے، صبح 6 سے رات 11 بجے تک شہر میں ہیوی ٹریفک کو داخل ہونے سے روکا جائے، ان اوقات میں شہر میں داخل ہونے والی ہیوی گاڑیوں پر جرمانہ نہیں بلکہ انہیں بند کیا جائے۔
جسٹس ندیم اختر نے ریمارکس دیے کہ کوئی ادارہ بھی اس کام میں رکاوٹ ڈالے تو عدالت کو آگاہ جائے، نیلی پیلی لائٹس اور ہوٹرز والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی جائے، چاہے ایم این اے یا ایم پی ایز کی ہوں۔