Time 09 دسمبر ، 2022
پاکستان

کراچی میں فائرنگ، ڈاکو عوام کے ہتھے چڑھ گئے، تشدد کے بعد پولیس کے حوالے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ٹی میں لوٹ مار کرتے 4 ڈاکوؤں پر شہری نے فائرنگ کردی، فرار کی کوشش کرتے ہوئے 2 ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے،  شدید تشدد کے بعد عوام نے ملزمان کو پولیس کو حوالے کردیا۔

پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ڈاکوؤں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں  ایک ڈاکو دوران علاج دم توڑ گیا جبکہ دوسرے کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسری جانب اورنگی ٹاؤن میں دودھ کی دکان پر ڈکیتی کی کوشش کرنے والے 3 ڈاکوؤں پر دکاندار نے فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو موقعے پر ہلاک، دو فرار ہوگئے جبکہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دکاندار بھی زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق 45 سالہ زخمی دکاندار جاوید نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، ہلاک ڈاکو کی لاش اور زخمی دکاندار کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

حب ریور روڈ پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پرشہری کو زخمی کرنے والے تین ڈاکوؤں میں سے دو کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق حب ریور روڈ پر شہری عابد کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے زخمی کرنے کے بعد فرار ہونے والے 3 ڈاکوؤں میں سے 2 کو مواچھ گوٹھ سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا، ملزمان کے قبضہ سے اسلحہ اور تھانہ سائیٹ B سے چھین کر واردات میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واردات میں شامل تیسرے ملزم کی گرفتاری کیلئے کارروائی کی جا رہی ہے۔

مزید خبریں :