09 دسمبر ، 2022
پاکستان کی سینئر اداکارہ صبا فیصل کے بیٹے اور بہو سے لاتعلقی کے اعلان کے بعد بیٹے سلمان فیصل نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ناراضی ظاہر کی ہے۔
دو روز قبل صبا فیصل نے ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں سینئر اداکارہ نے کہا تھا کہ’ جب کسی خاندان میں نیہا جیسی منفی عورت آجاتی ہے تو گھر ٹوٹتے ہیں، میں پچھلے چار سال سے بیٹے کی وجہ سے بہت مشکل زندگی گزار رہی ہوں، میں یہ ہی سوچتی رہی کہ بیٹا ایسی عورت کے ساتھ کیسے زندگی گزارے گا، میں زیادہ تفصیل میں نہیں جاؤں گی لیکن آپ لوگ اس ویڈیو سے اندازہ لگاسکتے ہیں، بس اتنا کہوں گی کہ میرا نیہا سے کوئی تعلق واسطہ نہیں ہے، بیٹے نے اسی کے ساتھ رہنا ہے اس لیے اس سے بھی میرا، میری بیٹی اور شوہر کا بھی کوئی تعلق نہیں ہے'۔
جس کے بعد اب اداکار سلمان فیصل نے غیر تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے انسٹاپوسٹ شیئر کی جس میں اداکار نے والدہ کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا صارفین کے تبصروں پر ناراضی کااظہار کیا۔
سلمان فیصل کا اپنی پوسٹ میں کہنا تھا کہ ’بس بہت ہوگیا، اپنی گفتگو اور قابل نفرت خیالات کو سنبھال کر بات کریں، وہ میری بیوی اور میرے بیٹے کی ماں ہے لہذا آپ سب کو اس حقیقت کا احترام کرنا چاہیے۔
سلمان فیصل نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ امی بھی میری ہیں اور نیہا بھی میری بیوی ہے، تھوڑا سوچ سمجھ کر بولیں اس سے بہت تکلیف ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سلمان فیصل کی اہلیہ اور نیہا نے انسٹااسٹوری پوسٹ کرتے ہوئے ساس اور نند کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا ان پوسٹس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف قسم کے ردعمل کا اظہار بھی کیا گیا تاہم اب صبا فیصل کے بیٹے اور نیہا کے شوہر سلمان نے بھی اس پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔