پاکستان
Time 09 دسمبر ، 2022

عمران خان اگر مگر چھوڑیں، اسمبلیاں توڑیں، ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں: رانا ثنا

نواز شریف کے استقبال کی تیاریاں شروع کر دی ہیں، الیکشن کا اعلان ہوتے ہی نواز شریف پاکستان آ جائیں گے: وزیر داخلہ— فوٹو:فائل
نواز شریف کے استقبال کی تیاریاں شروع کر دی ہیں، الیکشن کا اعلان ہوتے ہی نواز شریف پاکستان آ جائیں گے: وزیر داخلہ— فوٹو:فائل

وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اگر مگر چھوڑیں، اسمبلیاں توڑیں، ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں۔

اپنے بیان میں رانا ثنا کا کہنا تھاکہ عام انتخابات اگلے سال اکتوبر میں ہی ہوں گے، خیبرپختونخوا اور پنجاب اسمبلی ٹوٹتی ہیں تو ان کا الیکشن 90 دن میں ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان میں نے آپ کا کتنا انتظار کیا لیکن آپ نہیں آئے، آپ نے اسلام آباد میں جلسہ بھی نہیں کیا اور راولپنڈی چلے گئے۔

رانا ثنااللہ نے عمران خان کو چیلنج دیا کہ میرا چیلنج قبول کریں، اگر مگر چھوڑیں اسمبلی توڑیں، اگلے الیکشن کو چھوڑیں اسی میں فیصلہ ہو جائے، آپ کو پنجاب میں بھی بھرپور شکست سے دوچار کریں گے اور چھپنے کیلئے بھی جگہ نہیں ملے گی۔

ان کا کہنا تھاکہ اب وقت کی ضرورت ہے کہ میثاق معیشت ہو، چارٹر آف اکانومی ہونا چاہیے، شہباز شریف پاکستان کیلئے سب کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے استقبال کی تیاریاں شروع کر دی ہیں، الیکشن کا اعلان ہوتے ہی نواز شریف پاکستان آ جائیں گے۔

صدرعارف علوی سے بھی غیر مشروط بات ہورہی ہے: وزیر داخلہ

علاوہ ازیں جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ الیکشن میں انتخابی مہم کی قیادت نوازشریف کریں گے، ان کی وطن واپسی کا فیصلہ الیکشن مہم شروع کرنے سے مشروط ہے۔

انہوں نے کہا کہ وطن واپسی کا فیصلہ نواز شریف خود کریں گے اور وہ وطن آکر اپنے کیسز کا سامنا کریں گے۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھاکہ معیشت ملک کا بڑا مسئلہ ہے، اس کا حل انتخابات نہیں بلکہ چارٹرآف اکانومی ہے، عام انتخابات وقت سے پہلے ممکن نہیں، ایک یا دو اسمبلیوں میں الیکشن ہونا ہیں تو ہوجائیں جبکہ معاشی صورتحال پر اسحاق ڈارنے صدرعارف علوی کوبریف کیا۔

ان کا کہنا تھاکہ اب کیسز کھلنے کا وہ ماحول نہیں جیسا پہلے تھا کہ چیئرمین نیب کو یرغمال بنایاہوا ہو۔

پی ٹی آئی سے مذاکرات کے حوالے سے رانا ثنا کا کہنا تھاکہ تحریک انصاف سے غیر مشروط بات ہوسکتی ہے اور غیر مشروط بات صدرعارف علوی سے بھی ہورہی ہے۔

مزید خبریں :