09 دسمبر ، 2022
ٹیسٹ ڈیبیو پر 7 وکٹیں حاصل کرنے والے مِسٹری اسپنر ابرار احمد نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا ہے کہ کوشش یہی تھی کہ اچھے ایریاز پر بال پھینکوں جس کی وجہ سے مجھے وکٹیں ملیں۔
انہوں نے کہا کہ جب میں بولنگ کر رہا تھا تو مجھ پر کوئی پریشر نہیں تھا، انٹرنیشنل میچ ایک الگ پریشر ہوتا ہے لیکن ایسا نہیں تھا کہ نروس ہوتا، میری خواہش تھی کہ میں جو روٹ اور بین اسٹوکس کی وکٹ لوں، اس کا اظہار میں نے ایک انٹرویو میں بھی کیا تھا، مجھے خوشی ہے کہ میں نے وکٹیں حاصل کیں۔
ابرار نے کہا کہ میں بین اسٹوکس کی وکٹ کو فیورٹ قرار دوں گا، اپنی انگلیوں کیلئے کچھ خاص نہیں کرتا میں بس زیتون کا تیل لگاتا ہوں، پچ کیسی ہی کیوں نہ ہو آپ کو اپنی بنیادی چیزوں کے مطابق ہی بولنگ کرنا ہوتی ہے، انگلینڈ کے کرکٹرز اٹیکنگ کرکٹ کھیلتے ہیں، سوئپ اور ریورس سوئپ شاٹس کھیلتے ہیں، ہمیں انہیں مڈل پر رہتے ہوئے ہی بولنگ کرنا ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے مائنڈ میں بھی تھا کہ 7 وکٹیں ہو گئی ہیں اگر ایک دو اوورز اچھے ہو گئے تو 10 وکٹیں بھی ہو سکتی ہیں، جتنی بھی وکٹیں ملیں خوش ہوں، میرے ساتھ زاہد نے بھی اچھی بولنگ کی، کوشش یہی ہے کہ اپنی وکٹوں سے پاکستان کو جتواؤں، میری خواہش ہے کہ دوسری اننگز میں بھی پانچ وکٹیں حاصل کروں۔