12 دسمبر ، 2022
پاکستان نے افغان بارڈر فورسز کی جانب سے چمن میں شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کی ہے۔
گزشتہ روز افغان بارڈر فورسز کی چمن میں شہری آبادی پر بھاری ہتھیاروں سے بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 6 پاکستانی شہری شہید اور 17 زخمی ہوئے۔
واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ افسوس ناک واقعات دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کے مطابق نہیں، افغان حکام کو کہا ہے ،ایسے واقعات کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سرحد پر شہریوں کی حفاظت دونوں فریقوں کی ذمہ داری ہے، پاک افغان حکام صورتحال کو مزید خراب ہونے سے روکنے کے لیے رابطے میں ہیں۔