13 دسمبر ، 2022
فاقی کابینہ نے ریکوڈک منصوبے کی حتمی ڈیل پر دستخط کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلہ کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ نے ریکوڈک منصوبے کی حتمی ڈیل پر دستخط کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے جس کے بعد 15 دسمبر کو ریکوڈک کی ڈیل پر حتمی دستخط ہوجائیں گے، پیٹرولیم ڈویژن کی سفارش پر ریکوڈک پراجیکٹ کی تنظیم نو کیلئے حتمی معاہدوں پر دستخط کی منظوری دی گئی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کابینہ نے وزارت پیٹرولیم اور دیگر وزارتوں کے حکام کو باضابطہ اجازت دی ہے جبکہ کابینہ نے ای سی سی سے منظور کیے گئے ریکوڈک پراجیکٹ فنڈنگ پلان کی بھی توثیق کی۔
اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ نے ریکوڈک پراجیکٹ کمپنی کیلئے ریگولیٹری فریم ورک کی بھی منظوری دی۔
اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ ریکوڈک پراجیکٹ کی تنظیم نو کے حتمی معاہدوں پر قانونی رائے کیلئے صدارتی ریفرنس دائر کیا گیا، حتمی معاہدوں پر قانونی رائے کیلئے صدارتی ریفرنس آئین کے آرٹیکل 186کے تحت دائر کیا گیا، سپریم کورٹ نے 9دسمبر کو رائے دی کہ ریکوڈک پراجیکٹ کی تنظیم نوکا عمل شفاف تھا اور جن معاہدوں پر دستخط کیے جارہے ہیں وہ قانون کے عین مطابق ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ کابینہ کمیٹی اتحادی جماعتوں کے قائدین سے بات چیت کرے گی اور کمیٹی اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر ان کے تحفظات دور کرے گی، طے پایا کہ متعلقہ فریقین کی مشاورت سے ترمیم کی جائےگی۔
بریفنگ کے مطابق اتحادی جماعتوں سے طے پایا یہ قانون سازی ریکوڈک منصوبے کی حد تک ہے، بعض قانونی رکاوٹیں دور کرنے کیلئے 5 رکنی کابینہ کی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں قانون، خزانہ، کامرس اور اقتصادی امور ڈویژن کے وفاقی وزرا شامل ہیں۔
اس حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھاکہ حکومت ریکوڈک منصوبے سمیت دیگر منصوبوں میں سرمایہ کاروں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے گی اور سرمایہ کاروں سےکیے گئے تمام وعدے پورے کیے جائیں گے۔