14 دسمبر ، 2022
قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں ارجنٹائن کروشیا کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا۔
ارجنٹائن نےسیمی فائنل میں کروشیا کو تین صفر سے شکست دے دی، ارجنٹائن کے دو گول جولین الواریز نے کیے جبکہ ایک گول لیونل میسی نے اسکور کیا۔
کروشیا کے خلاف سیمی فائنل میں گول کرکے میسی نے اہم اعزاز اپنے نام کرلیا۔
لیونل میسی ورلڈ کپ مقابلوں میں ارجنٹائن کی جانب سے مجموعی طور پر سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔
میسی کے ورلڈکپ مقابلوں میں گولز کی تعداد 11 ہوگئی ہے، اس سے قبل یہ اعزاز گیبریل بیٹسٹوٹا کے پاس تھا، انہوں نے ارجنٹائن کی جانب سے ورلڈکپ مقابلوں میں 10 گول کیے تھے۔
اس کے علاوہ میسی نے ورلڈکپ میں سب سے زیادہ میچز کھیلنےکا ریکارڈ برابر کر دیا، میسی فٹبال کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ میں ارجنٹائن کے لیے 25 بار کھیلے، اس سے قبل یہ ریکارڈ جرمنی کے لوتھر میتھاؤس کے پاس تھا۔
لیونل میسی پانچویں مرتبہ ورلڈکپ میں کھیل رہے ہیں، ان کے پاس ورلڈکپ میں سب سے زیادہ میچز کھیلنے کا ریکارڈ توڑنے کا موقع ہوگا۔