عمران خان نے اسمبلیوں کی تحلیل پر قانونی مشاورت مکمل کرلی

لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اسمبلیوں کی تحلیل پر قانونی مشاورت مکمل کرلی ہے۔

پی ٹی آئی ذرائع کا بتانا ہے کہ قانونی ماہرین نے عمران خاں کو تمام قانونی و آئینی معاملات سےآگاہ کیا، عمران خان نے قانونی ماہرین کی رائے کو نوٹ بھی کیا۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے قانونی ماہرین سے مختلف قانونی سقم پر سوالات بھی پوچھے، قانونی ماہرین نے بتایا کہ اسمبلی کی تحلیل پر سمری گورنر کے سپرد کی جائے تو گورنر اسے روک نہیں سکتا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قانونی ماہرین نے عمران خان کو بتایا کہ آئین کے تحت گورنر کو سمری موصول ہونے کے 48 گھنٹوں میں اسمبلی خود تحلیل ہو جاتی ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پر 3 ہفتوں سے زائد مختلف قانونی ماہرین سے مشاورت کی، عمران خان آج اور کل پارٹی رہنماؤں اور ارکان اسمبلی سے مزید مشاورت کریں گے۔

ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ عمران خان 17 دسمبر کو لبرٹی چوک میں اسمبلیاں توڑنے اور دیگر معاملات پر اعلانات کریں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ وہ 17 دسمبر کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کریں گے، دوسری جانب وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کل کے بجائے آج اسمبلیاں تحلیل کر دیں، حکومت 90 روز میں انتخابات کروا دے گی۔

گوریر پنجاب بلیغ الرحمان کا بھی ایک بیان سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا وزیراعلیٰ کے پاس اسمبلی تحلیل کرنے کا آئینی اختیار ہے تو میرے پاس بھی وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے کہنے کا اختیار موجود ہے۔

مزید خبریں :