15 دسمبر ، 2022
واٹس ایپ کا استعمال صرف میسجز تک محدود نہیں بلکہ آڈیو اور ویڈیو کالز بھی بہت زیادہ کی جاتی ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے ویڈیو کالنگ کو بہتر بنانے کے لیے متعدد نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ان میں سے کچھ فیچرز تو ایسے ہیں جن کا اعلان پہلے بھی ہوچکا ہے مگر اب انہیں باضابطہ طور پر متعارف کرایا جارہا ہے۔
سب سے نمایاں فیچر ایک ویڈیو کال میں 32 افراد کی شمولیت ہے۔
اس سے پہلے ایک ویڈیو کال میں 8 افراد کو شامل کیا جاسکتا تھا مگر اب اس حد کو 4 گنا بڑھا دیا گیا ہے۔
اس فیچر کا اعلان نومبر کے شروع میں کمیونٹیز فیچر کے ساتھ کیا گیا تھا مگر اب اسے متعارف کرایا جارہا ہے۔
اسی طرح ایک فیچر کالز کا حصہ بننے والے افراد کو میسج بھیجنے یا انہیں میوٹ کرنے کا ہے۔
اس مقصد کے لیے کسی فرد کے آئیکون کو کچھ دیر تک دبانے سے میسج یا میوٹ کرنے کا آپشن سامنے آجائے گا۔
تیسرا فیچر کال لنکس کا ہے جس کا اعلان پہلے بھی ہوچکا ہے اور کالز ٹیب میں جاکر create call link پر کلک کرکے اس کال لنک کو لوگوں سے شیئر کرسکتے ہیں۔
جن افراد کو یہ لنک بھیجا جائے گا وہ اس پر کلک کرکے کال کا حصہ بن جائیں گے۔
درحقیقت اس سے ان افراد کو بھی کال کے لیے مدعو کیا جاسکتا ہے جو آپ کے کانٹیکٹس میں شامل نہیں، بس ان کا واٹس ایپ ممبر ہونا ضروری ہوگا۔
ویڈیو کالز میں waveforms اور کال بینر نوٹیفکیشنز کا بھی اضافہ کیا جارہا ہے۔
واٹس ایپ کی جانب سے ویڈیو کالز میں آئندہ چند ہفتوں میں پکچر ان پکچر موڈ کے اضافے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق پکچر ان پکچر موڈ فیچر کی آزمائش آئی او ایس کے بیٹا ورژن میں کی جارہی ہے اور 2023 میں یہ صارفین کو دستیاب ہوگا۔
واٹس ایپ نے بتایا کہ اس سے صارفین کے لیے کالز کے دوران ملٹی ٹاسکنگ آسان ہوجائے گی۔