15 دسمبر ، 2022
کراچی: قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے کہا ہےکہ ہماری ٹیم دونوں ٹیسٹ ہار کر لڑی اور ہماری ٹیم کی بیٹنگ کو ناکام کہنا درست نہیں۔
جیونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے کہاکہ کراچی کی پچ ملتان سے ملتی جلتی لگ رہی ہے، یہ پچ ملتان کی نسبت زیادہ سفید نہیں ہے، ہماری پچ ایسی نہیں کہ پہلے گھنٹے میں بال ٹرن ہونا شروع ہوجائے یا ٹوٹ جائے، پچ سلو ضرور ہوسکتی ہے البتہ میں میں پچ ایکسپرٹ نہیں ہوں۔
انہوں نے کہا یہ تاثر غلط ہے کہ پاکستان ٹیم کی بیٹنگ نہیں چل رہی ہے، میں بیٹنگ کوچ ہوں اس وجہ سے ایسا نہیں بول رہا، ٹیم کی مجموعی بیٹنگ پرفارمنس پر تنقید سمجھ میں آتی ہے لیکن یہ کہنا ہے بیٹنگ ناکام ہورہی ہے درست بات نہیں۔
محمد یوسف کا کہنا تھا کہ بہتری کی گنجائش ہے جس کی کوشش کررہے ہیں، رضوان کی ٹیسٹ میں بیٹنگ تکنیک کا مسئلہ نہیں ہے، رضوان نے اتنی کرکٹ کھیلی ہے تھوڑی ٹیوننگ کرنا ہوتی ہے، ان کی بیٹنگ ٹیوننگ پر بات چل رہی ہے اور اس پر کام کیا جارہا ہے جب کہ جو بال رضوان یا بابر کو ہوئی وہ بہت اچھی پڑی۔
انہوں نےمزید کہا کہ کراچی ٹیسٹ جیتنے کے لیے جائیں گے، یہ ٹیسٹ نہ انگلینڈ اور نہ ہی ہم ڈرا کرنا چاہیں گے، ہماری ٹیم جیت کے لیے میدان میں اترے گی، سیریز کا اختتام جیت پر ہو تو آنے والی سیریز پر اس کا اچھا اثر پڑتا ہے۔
بیٹنگ کوچ کا کہنا تھا کہ پنڈی اور ملتان ٹیسٹ پاکستان ٹیم لڑ کر ہاری ہے، ہماری ٹیم انگلینڈ کی نسبت ٹیسٹ کرکٹ میں ناتجربہ کار ہے، ٹیسٹ میں سیشن بائی سیشن پلاننگ کرنا ہوتی ہے، قومی کھلاڑیوں کے پاس ٹیسٹ کرکٹ کا زیادہ تجربہ نہیں، کم تجربے کے باوجود پاکستان کھلاڑیوں نے اچھا پرفارم کیا۔