17 دسمبر ، 2022
سینئر اداکار صبا فیصل نے انسٹاگرام پر بیٹے اور بہو سے تعلق ختم کرنے کی پوسٹ کردہ ویڈیوز ڈیلیٹ کرنے کی وجہ بتائی اور ساتھ ہی انہوں نے تسلیم کیا کہ ویڈیوز شیئر کرنا ان کی غلطی تھی۔
یوٹیوبر نادر علی کے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے اس موضوع پر گفت و شنید کی۔
نجی زندگی کے معاملات سوشل میڈیا پر لانے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ 'اسی لیے کہا جاتا ہے غصہ حرام ہے، کہتے ہیں غصہ آئے تو سکون سے بیٹھیں، پانی پیئں، نازک مرحلہ تھا میرے لیے جس میں، میں نے وہ ویڈیو لگادی، مجھے نہیں لگانی چاہیے تھی'۔
'ویڈیوز اسی لیے ڈیلیٹ کیں کیونکہ مجھ سے خود نہیں دیکھی جارہی تھیں'
صبا فیصل نے کہا 'اگر میں نے بیٹے کا نام لیا تو اس میں بہت درد اور تکلیف تھی، بڑوں کو سمجھداری سے کام لینا چاہیے، شاید میں نے کچھ وقت کے لیے سمجھداری نہیں دکھائی ،دونوں ویڈیوز اسی لیے ڈیلیٹ کیں کیونکہ مجھ سے نہیں دیکھی جارہی تھیں'۔
صبا فیصل نے تسلیم کیا کہ یہ میرا غلط قدم تھا، آئندہ کبھی میرے نجی معاملات مداح سوشل میڈیا پر نہیں دیکھیں گے۔
اداکارہ نے ایک سوال پر کہا کہ 'بہو میں اپنی پسند کی لائی ہوں، الحمداللہ وہ اب بھی میرے بیٹے کے ساتھ ہے لیکن ہر کسی کو آپ اپنی منشا کے مطابق نہیں ڈھال سکتے، شاید مجھے ویڈیوز شیئر کرنے پر پچھتاوا ہے '۔
خیال رہے کہ چند روز قبل صبا فیصل نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے اپنے بیٹے سلمان فیصل اور بہو نیہا سے تعلق ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ویڈیو میں اداکارہ کی جانب سے نیہا پر الزامات کی بوچھاڑ کی گئی جس کے جواب میں نیہا نے بھی نام لیے بغیر ساس اور نند کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
اس کے بعد صبا فیصل کی جانب سے انسٹاگرام پر ایک اور ویڈیو شیئر کی گئی جس میں انہوں نے تمام مداحوں اور سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے ان کی حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا گیا، بعدازاں دونوں ہی ویڈیوز انہوں نے ڈیلیٹ کردیں۔