18 دسمبر ، 2022
فیفا فٹبال ورلڈکپ 2022 کا قطر میں اختتام ہورہا ہے اور متعدد نئے ریکارڈز بھی بننے کے قریب ہیں۔
ارجنٹینا کے کپتان اور اسٹار فٹبالر لیونل میسی فرانس کے خلاف اس فائنل میں متعدد ریکارڈز اپنے نام کرسکتے ہیں یا برابر کرسکتے ہیں۔
ایک ریکارڈ تو لیونل میسی فائنل کے لیے اسٹیڈیم میں قدم رکھتے ہی قائم کردیں گے۔
لیونل میسی نے اب تک ورلڈکپ کے 25 میچز میں شرکت کرکے جرمنی کے لوتھر میتھیوز کے سب سے زیادہ میچز کے ریکارڈ کو برابر کردیا ہے۔
اب فائنل میچ کے لیے اسٹیڈیم میں داخل ہوتے ہی لیونل میسی سب سے زیادہ 26 ورلڈکپ میچز کھیلنے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیں گے۔
برازیل کے لیجنڈ فٹبالر پیلے نے ورلڈکپ کیرئیر میں 12 گولز خود کیے اور 10 کے لیے معاونت فراہم کی، یعنی مجموعی طور پر 22 گولز میں انہوں نے کردار ادا کیا۔
لیونل میسی اب تک ورلڈکپ مقابلوں میں 11 گولز خود کرچکے ہیں جبکہ 9 گولز میں معاونت فراہم کی۔
اگر وہ مزید 2 گولز خود کرتے ہیں یا معاونت کرتے ہیں تو وہ پیلے کے ریکارڈ کو برابر کردیں گے جبکہ 3 گولز سے وہ یہ ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔
اسی طرح وہ مزید 2 گولز میں معاونت کرکے پیلے کے 10 گولز میں معاونت کے ریکارڈ کو بھی توڑ سکتے ہیں۔
لیونل میسی اپنے کیرئیر کے دوران ورلڈکپ کے 16 میچز میں کامیابی حاصل کرچکے ہیں اور جرمنی کے Miroslav Klose کے 17 میچز کی کامیابی کا ریکارڈ فائنل جیتنے پر برابر کردیں گے۔
ورلڈکپ میچز میں سب سے زیادہ 2217 منٹ تک کھیلنے کا ریکارڈ اٹلی کے Paolo Maldini کے پاس ہے، لیونل میسی 2194 منٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
فائنل میں محض 24 منٹ کھیل کر وہ یہ ریکارڈ اپنے نام کرسکتے ہیں۔
لیونل میسی 2014 کے ورلڈکپ میں گولڈن بال کا اعزاز جیت چکے ہیں اور اگر اس ٹورنامنٹ میں بھی انہیں گولڈن بال کا اعزاز دیا جاتا ہے تو وہ 2 بار یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن جائیں گے۔