19 دسمبر ، 2022
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکا میری حکومت گرانے میں کتنا ذمہ دارہےکچھ نہیں کہہ سکتا، اسی لیے سائفر کی انکوائری چاہتا تھا۔
لاہور زمان پارک میں غیرملکی میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھاکہ ق لیگ اور پی ٹی آئی دوالگ سیاسی جماعتیں ہیں، ق لیگ کی جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کے حوالے سے اپنی پالیسی ہے لیکن پی ٹی آئی یہ سمجھتی ہےکہ موجودہ حالات کے ذمہ دار باجوہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا میری حکومت گرانے میں کتنا ذمہ دارہےکچھ نہیں کہہ سکتا، اسی لیے سائفر کی انکوائری چاہتا تھا۔
ان کا کہنا تھاکہ نیب جنرل ریٹائرڈ باجوہ کے کنٹرول میں تھا، انہوں نے میری مخالفت کے باوجود سب کو این آر او دیا، میری حکومت گرانے کا واحد ذمہ دار جنرل (ر) باجوہ ہے اور موجودہ سیاسی اور معاشی بحران کے ذمہ دار بھی وہی ہیں۔
پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھاکہ پرویزالٰہی نے لکھ کر مجھے اسمبلی توڑنے کی ایڈوائس دے دی ہے اور جمعہ کو یہ ایڈوائس گورنر کو بھجوادی جائے گی جبکہ ق لیگ آزاد جماعت ہے، ن سے مذاکرات کرسکتی ہے۔