پاکستان
Time 20 دسمبر ، 2022

آصف زرداری کے رابطے تیز، وزارت اعلیٰ پنجاب پی پی کو دیے جانے کا امکان

وزیراعلیٰ کیلئے حتمی نام کا فیصلہ آصف زرداری، چوہدری شجاعت اور نوازشریف کی باہمی رضامندی سے ہوگا: ذرائع— فوٹو: فائل
وزیراعلیٰ کیلئے حتمی نام کا فیصلہ آصف زرداری، چوہدری شجاعت اور نوازشریف کی باہمی رضامندی سے ہوگا: ذرائع— فوٹو: فائل

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے وزارت اعلیٰ پنجاب پیپلز پارٹی کو دیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی، اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان اور ڈپٹی اسپیکر واثق قیوم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد آصف زرداری، چوہدری شجاعت حسین اور مسلم لیگ ن کے درمیان رابطے تیز ہوگئے ہیں۔

ذرائع پیپلزپارٹی کے مطابق چوہدری شجاعت حسین نے اپنا وزن پیپلزپارٹی کے پلڑے میں ڈال دیا ہے جس کے بعد اپوزیشن کی جانب سے وزارت اعلیٰ پیپلز پارٹی کو دیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع پیپلزپارٹی نے بتایا کہ اتفاق رائے کی صورت میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے امیدوار ن لیگ سے ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری لاہور میں پیپلز پارٹی کو وزارت اعلیٰ دلوانے کیلئے سرگرم ہیں اور انہوں نے اپنے امیدوار کے حق میں جوڑ توڑ کیلئے سیاسی شخصیات سے رابطے تیز کردیے ہیں۔

ذرائع پیپلزپارٹی کے مطابق جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والی اہم سیاسی شخصیات کو پی ٹی آئی میں نقب لگانے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ سابق صدر نے وزارت اعلیٰ کیلئے 3 ناموں پر غور شروع کر دیا اور ان امیدواروں میں سید حسن مرتضیٰ، سید علی حیدر گیلانی اور عثمان محمود کے نام شامل ہیں تاہم حتمی نام کا فیصلہ آصف زرداری، چوہدری شجاعت اور نواز شریف کی باہمی رضامندی سے ہو گا۔

خیال رہے کہ عدم اعتماد کے علاوہ گورنر پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب کو اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا بھی کہا ہے۔

مزید خبریں :