Time 20 دسمبر ، 2022
پاکستان

چوہدری شجاعت نے پرویز الٰہی کا ساتھ دینے والے پارٹی ایم پی ایز سے رابطہ کرلیا

پرویزالٰہی کے ساتھی 6 ارکان صوبائی اسمبلی کے شامل ہونے سے متحدہ اپوزیشن کے 186 ارکان ہوسکتے ہیں: ذرائع— فوٹو: فائل
پرویزالٰہی کے ساتھی 6 ارکان صوبائی اسمبلی کے شامل ہونے سے متحدہ اپوزیشن کے 186 ارکان ہوسکتے ہیں: ذرائع— فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کا ساتھ دینے والے پارٹی ارکان پنجاب اسمبلی سے رابطے تیز کرلیے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت میں ق لیگ کے 10 ایم پی ایز میں سے 6 کے ساتھ رابطے تیز کیے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ق لیگ کی قیادت براہ راست اور مختلف ذرائع سے رابطے کر رہی ہے اور ن لیگ اور پیپلز پارٹی بھی رابطوں میں شامل ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ پرویزالٰہی کے ایم پی ایز سے متحدہ اپوزیشن کی حمایت کا کہا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن کے 180 ووٹ ہیں، پرویزالٰہی کے ساتھی 6 ارکان صوبائی اسمبلی کے شامل ہونے سے متحدہ اپوزیشن کے 186 ارکان ہوسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اپوزیشن نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی، اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان اور ڈپٹی اسپیکر واثق قیوم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی ہے جبکہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو اسمبلی سے 21 دسمبر کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا ہے۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم عمران خان نے 23 دسمبر کو پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

مزید خبریں :