20 دسمبر ، 2022
سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملتان کے ارکان قومی اورصوبائی اسمبلی کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
عمران خان سے ملتان کے ارکان قومی اورصوبائی اسمبلی نے لاہور زمان پارک میں ملاقات کی ہے۔ ذرائع کے مطابق ارکان اسمبلی کی جانب سے 23 دسمبر کو اسمبلی تحلیل کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
ارکان نے رائے دی کہ نگران سیٹ اپ طویل کرلیا گیا تو ہمیں انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ارکان سے کہا کہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، عام انتخابات ہی ملک بچانے کا حل ہے، اسمبلیاں تحلیل ہونے سے پی ڈی ایم کو خوفزدہ ہونا چاہیے آپ کونہیں۔
انہوں نے کہا کہ پرویزالٰہی کی اپنی پارٹی اور اپنا مؤقف ہے مگر وہ ہمارے ساتھ ہیں، معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے 23 دسمبر کو پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کیا گیا ہے تاہم اس اعلان کے بعد وفاق میں حکمران جماعت بھی پنجاب اسمبلی کی تحلیل بچانے کیلئے سرگرم ہوگئی ہے۔