Time 20 دسمبر ، 2022
دنیا

افغانستان میں طالبان نے خواتین کی اعلیٰ تعلیم پر پابندی لگا دی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

افغانستان میں طالبان حکومت نے خواتین کی اعلیٰ تعلیم پر پابندی لگا دی، افغان وزارت اعلیٰ تعلیم نے خواتین کی اعلیٰ تعلیم معطلی کا حکم نامہ جاری کر دیا۔

افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان وزارت اعلیٰ تعلیم سے جاری لیٹر میں تمام نجی اور سرکاری جامعات کو تاحکم ثانی خواتین کی تعلیم معطل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

افغانستان میں طالبان نے لڑکیوں کی ثانوی تعلیم پر بھی پابندی لگائی ہوئی ہے، اگست 2021 میں افغانستان پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد طالبان نے صرف پرائمری جماعت تک لڑکیوں کو اسکول جانے کی اجازت دی تھی۔

اس سے قبل جامعات میں خواتین کی علیحدہ کلاسز ہونے کی شرط پر خواتین کو اعلیٰ تعلیم جاری رکھنے کی اجازت دی گئی تھی۔

واضح رہے کہ  بین الاقوامی برادری خواتین کی تعلیم کے سلسلے میں طالبان حکومت کے اقدامات پر پہلے ہی شدید تحفظات کا اظہار کر چکی ہے۔

دوسری جانب امریکا اور برطانیہ نے افغانستان میں خواتین کی اعلیٰ تعلیم پر پابندی کی مذمت کی ہے۔

امریکا کا کہنا ہے کہ خواتین کے حقوق کا احترام کرنے تک طالبان بین الاقوامی برادری کا حصہ بننےکی توقع نہ رکھیں۔


مزید خبریں :