21 دسمبر ، 2022
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ مغربی سرحد سے دہشت گردی کی جوتازہ لہر ہے اسے ابھرنے نہیں دیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے جیو نیوز کے پروگرام آپس کی بات میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر حملہ کرنے والےدہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ میں سی ٹی ڈی کے کمپاؤنڈ میں فائرنگ کے تبادلے میں 25 دہشت گرد مارے گئے،7 نے سرنڈر کیا جبکہ 3 فرار ہوتے ہوئے گرفتار ہوئے۔
ترجمان افواج پاکستان میجر جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ جو ہمارے خلاف آئے گا اس کا سرکچل دیں گے۔
اس کے علاوہ میجر جنرل احمد شریف نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے متعلق پالیسی بھی دوٹوک انداز سے واضح کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کے جتھے یا دہشت گرد گروہ کو پنپنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، حکومت کی رٹ ہر صورت قائم کی جائے گی۔
واضح رہے کہ اتوار کے روز بنوں میں دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر حملہ کیا تھا اور اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا تھا جس پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن شروع کیا تھا۔