Time 21 دسمبر ، 2022
پاکستان

شہری دوستی کیلئے فون پر خاتون کی آواز کے جھانسے میں نہ آئیں، سندھ پولیس

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سندھ پولیس کی جانب سے شہریوں کو خبردار کیا گیا ہےکہ وہ فون پر دوستی کے لیے کسی خاتون کی آواز کے جھانسے میں نہ آئیں اور خود کو اغوا ہونے سے بچائیں۔

سندھ پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پر یہ مہم زور و شور سے چلائی جا رہی ہے جس میں شہریوں کو آگاہ کیا گیا ہےکہ وہ واٹس ایپ، فیس بک یا فون پر کسی خاتون کی آواز کے جھانسے میں آکر اس سے ہرگز دوستی نہ کریں۔

شہریوں کو خبردار  اور ہوشیار کرتے ہوئے آگاہی مہم میں کہا گیا ہےکہ عورت کی آواز میں فون یا سوشل میڈیا کال پر اگر وہ کسی عورت سے دوستی کرتے ہیں اور وہ انہیں ملنے کے لیے سندھ کے علاقوں سکھر،گھوٹکی، شکارپور  یا کشمور آنےکا کہے تو ایسا ہرگز نہ کریں اور خود کو اغوا ہونے سے بچائیں۔

سندھ پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری پوسٹ میں یہ بھی کہا گیا ہےکہ اگر کوئی شخص کسی شہری سے فون، فیس بک یا سوشل میڈیا کال پر دوستی کرتا ہے یا کسی کاروباری سلسلے میں گاڑی، ٹریکٹر، ٹرک، موٹرکار یا تیتر اور دیگر پرکشش جانور وغیرہ کی خرید و فروخت کے سلسلے میں بات کرتا ہے اور اسے سکھر، گھوٹکی، شکارپور یا کشمور بلائے تو ہرگز نہ جائیں۔

پوسٹ میں ملک بھر کے شہریوں کو یہ بھی آگاہی دی گئی ہے کہ وہ مختلف طریقوں سے سندھ کے ان شہروں کا بلاوجہ رخ نہ کریں اور خود کو اغوا ہونے سے بچائیں۔

مزید خبریں :