Time 21 دسمبر ، 2022
پاکستان

پی ٹی آئی نے اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہونے کی حکمت عملی طے کرلی

پی ٹی آئی ارکان ایک ساتھ اسپیکر کے روبرو مستفعی ہونے کی تصدیق کریں گے اور پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کل کے پی ہاؤس اسلام آباد میں جمع ہوں گے: ذرائع— فوٹو: فائل
 پی ٹی آئی ارکان ایک ساتھ اسپیکر کے روبرو مستفعی ہونے کی تصدیق کریں گے اور پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کل کے پی ہاؤس اسلام آباد میں جمع ہوں گے: ذرائع— فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف نے استعفوں کی منظوری کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے سامنے پیش ہونے کی حکمت عملی طے کرلی۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی ارکان ایک ساتھ اسپیکر کے روبرو مستعفی ہونے کی تصدیق کریں گے اور پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کل کے پی ہاؤس اسلام آباد میں جمع ہوں گے۔

ذرائع بتاتے ہیں کہ اسپیکر کے سامنے پیش ہونے سے پہلے کے پی کے ہاؤس اسلام آباد میں اجلاس ہوگا اورارکان ممکنہ طور پر شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں پارلیمنٹ جائیں گے، ممبران اسمبلی کو شرکت یقینی بنانے کیلئے  پیغام پہنچا دیا گیا، کے پی ہاؤس میں پی ٹی آئی ممبران کی گنتی کے بعد انہیں اسمبلی پہنچایا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی ارکان کو لے کر اسپیکر کے سامنے پیش ہوں گے۔

پی ٹی آئی کے رہنما علی نواز اعوان کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی کے 123 ارکان اسپیکر کے سامنے پیش ہوں گے، ہم وہی پرانی حکمت عملی کے ساتھ اجلاس میں شریک ہوں گے، استعفے پہلے بھی دیے تھے منظور نہیں ہوئے اب دوبارہ دیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ استعفے دینے کا اعلان کیا تو ڈر کے مارے اجلاس ہی ملتوی کردیا۔

علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے رہنما شبلی فراز کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ حکومت نے جلد بازی میں اجلاس بلا کر سازشی ذہنیت کا مظاہرہ کیا، تحریک انصاف استعفوں کی منظوری کیلئے سپریم کورٹ سے ہی رجوع کرے گی، حکومت نے ایک روز اجلاس ملتوی کر کے عجلت میں اجلاس طلب کیا، حکومتی حکمت عملی سازشی ذہنیت کی عکاس ہے۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس کل 22 دسمبر  کو شام 5 بجے طلب کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :