22 دسمبر ، 2022
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے پشاور ہائیکورٹ کا خلع کی بنیاد پرعلیحدگی کا فیصلہ کالعدم کردیا۔
سپریم کورٹ کے جسٹس سردارطارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست پرسماعت کی جس کا فیصلہ جسٹس محمد علی مظہر نے تحریر کیا۔
فیملی کورٹ نے خاتون پرذہنی تشدد اور ظلم کی بنیاد پرشادی ختم کرنے کا حکم دیا تھا جب کہ شوہرکو بیٹی کے نان نفقہ اور ماہانہ اخراجات ادا کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔
پشاور ہائیکورٹ نے فیملی کورٹ کا فیصلہ کالعدم کرکے شادی خلع کی بنیاد پرختم کرنے کا حکم دیا تھا اور ساتھ ہی خاتون کو خلع کے باعث شوہرکو 5 تولے سونا بھی ادا کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے درخواست گزار کی اپیل پر پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم کرتے ہوئے فیملی کورٹ کا فیصلہ بحال کردیا۔