23 دسمبر ، 2022
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کی مینجمنٹ کمیٹی کے رکن شکیل شیخ نے مہم ’سوچنا بھی منع ہے‘ کو ختم کرنے کا مشورہ دے دیا۔
حال ہی میں فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے دفاع میں اپنی ایک ٹوئٹ کے ذریعے ’سوچنا بھی منع ہے‘ ہیش ٹیگ کا استعمال کیا گیا تھا جس کو بعد ازاں حارث رؤف سمیت کئی سوشل میڈیا صارفین نے بھی استعمال کیا۔
تاہم اب اس حوالے سے شکیل شیخ کی ایک ٹوئٹ سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے سوال کیا کہ مہم ’سوچنا بھی منع ہے ‘ کو کون اسپانسر کررہا ہے، مشورہ ہے کہ اس کو ختم کیا جائے، بصورت دیگر ہم سوچیں گے شکیل شیخ نے اپنی ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ سوچو استعمال کیا۔
بعد ازاں پی ایس ایل کی فرنچائز لاہور قلندرز کے سی ای او ثمین رانا نے ایک ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے اس کا جواب دیا جس میں درج تھا جو لوگ ’سوچنا بھی منع ہے‘ سے متعلق سوال کررہے ہیں ان کے لیے بیگ گراؤنڈ موجود ہیں۔
ثمین رانا نے اپنی ٹوئٹ میں سوچنا بھی منع ہیش ٹیگ کو استعمال کرنے والے صارفین کا شکریہ بھی ادا کیا۔
بعد ازاں اسی ٹوئٹ کو شاہین شاہ آفریدی کی جانب سے ری ٹوئٹ بھی کیا گیا، یہی نہیں اس کے باوجود بھی شاہین کی جانب سے لاہور قلندرز کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے اسی ہیش ٹیگ کا استعمال کیا گیا۔
یہ سلسلہ شاہین تک ہی نہ رک سکا کیوں کہ اس کے بعد افغان بولر راشد خان کی جانب سے بھی اس ہیش ٹیگ کو استعمال کرتے ہوئے شاہین شاہ کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا گیا۔