Time 23 دسمبر ، 2022
پاکستان

ہائیکورٹ نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کیلئے ای سی پی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا

الیکشن کمیشن 27 دسمبر کو حکومت اور دیگر فریقین کا مؤقف سن کر دوبارہ فیصلہ کرے: ہائیکورٹ— فوٹو:فائل
الیکشن کمیشن 27 دسمبر کو حکومت اور دیگر فریقین کا مؤقف سن کر دوبارہ فیصلہ کرے: ہائیکورٹ— فوٹو:فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے یونین کونسلز کی تعداد میں اضافے کا حکومتی فیصلہ مسترد کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن کالعدم قراردے دیا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق دائر درخواستوں کو یکجاکرکے سماعت کی۔

ڈی جی الیکشن کمیشن نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کاشیڈول آنے کے بعد یونین کونسلز کی تعداد بڑھائی گئی، بلدیاتی انتخابات 31 دسمبرکوپرانے شیڈول کے مطابق ہونے چاہئیں۔

اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے کہاکہ یونین کونسلز کی تعداد میں اضافے کے بعدالیکشن کمیشن حلقہ بندیاں کرنےکاپابند ہے، ووٹرلسٹیں بھی تبدیل ہوں گی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ اگر 2020 میں مدت پوری ہوئی تو اس وقت بلدیاتی الیکشن ہو جانا چاہیے تھا، کبھی کورونا، کبھی سیلاب، کبھی سردی، کبھی گرمی، یہ سب تو چلتا رہتا ہے، اسلام آباد کے مسائل تب حل ہوں گے جب یہاں دہلی ماڈل کی اپنی پارلیمنٹ لائیں گے۔

ان کاکہناتھاکہ اقتدار میں کوئی بھی سیاسی جماعت ہواسے بلدیاتی انتخابات کرانے میں دلچسپی نہیں۔

عدالت نے یونین کونسلز کی تعداد میں اضافے کا حکومتی فیصلہ مسترد کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن کالعدم قراردیا اور حکم دیا کہ الیکشن کمیشن 27 دسمبر کو حکومت اور دیگر فریقین کا مؤقف سن کر دوبارہ فیصلہ کرے۔ 

عدالت نے ووٹرز لسٹوں کی درستگی کیلئے دائر درخواست پر بھی متاثرہ ووٹرز کو 28 دسمبر کو سننے کاحکم دے دیا۔ 

مزید خبریں :