26 دسمبر ، 2022
سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجہ کا کہنا ہےکہ نجم سیٹھی کو ایڈجسٹ کرنےکے لیےکرکٹ بورڈ کا آئین بدلا گيا، نجم سیٹھی چوہدراہٹ کے لیے بورڈ میں آئے ہیں، انہیں کرکٹ سےکچھ لینا دینا نہیں۔
سوشل میڈیا پرگفتگو کرتے ہوئے رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ نجم سیٹھی نےکبھی بیٹ نہیں پکڑا، یہ صرف پاکستان میں ہی ہوتا ہےکہ سیاسی بھرتی کے لیے آئين بدل دو ، جو لوگ باہر سے آکر بورڈ میں حملہ کرتے ہیں وہ اچھا نہیں ہے، نجم سیٹھی کو لانےکے لیے بورڈ میں سب کچھ بدل کر رکھ دیا گیا، رات کو سوا 2 بجے ٹوئٹ کر رہے ہیں کہ رمیز راجہ باہر ہوگئے مجھے مبارک باد دیں۔
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ جب ٹیم پاکستان آرہی تھی تو آپ نے چیف سلیکٹر کو بدل دیا، مڈل آف دی سیزن آپ کہہ رہے ہیں کہ مکی آرتھر کو لےکر آئیں، یہ طریقہ نہیں کہ کرکٹرز جنہوں نےکافی ٹیسٹ کھیلے ان کو باہر نکال دیں، مجھےخطرہ ہےبہت زیادہ تبدیلیاں کرنے سےٹیم کی یکجہتی ختم نہ ہوجائے، اس ٹیم کے ساتھ چھیڑ خانی کرنا خطرے سے خالی نہیں ہے،جو آپ کامیابیاں حاصل کرتے ہیں وہ آسانی سے نہیں ملتی، ہمارا اسٹرائیک ریٹ بہترین چل رہا ہے۔
بھارت کے حوالے سے سابق چیئرمین کا کہنا تھا کہ کرکٹ باؤنڈریز کو توڑتی ہے، بارڈر توڑتی ہے، بدمزگی وہاں سے شروع ہوئی جب ایشیا کپ ہمیں ملا، پاکستان میں کافی عرصے سے میچز نہیں ہو رہے تھے، جب میچ باقاعدگی سے ہوئے تواس لیے میں کھڑا رہا کہ ایشیا کپ پاکستان میں ہی ہوگا، بھارت نے کہا کہ یہ نیوٹرل وینیو پر ہوگا پاکستان نہیں جائیں گے۔