کھیل
Time 27 دسمبر ، 2022

دانش کنیریا کی آفریدی کیخلاف طنزیہ ٹوئٹ، فہد مصطفیٰ میدان میں آگئے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق لیگ اسپنر دانش کنیریا کی قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر شاہد آفریدی کے خلاف طنزیہ ٹوئٹ  کرنے پر اداکار فہدمصطفیٰ میدان میں آگئے۔

گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نےعبوری سلیکشن کمیٹی کا اعلان کرتے ہوئے سابق کپتان شاہد آفریدی کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے عبوری سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا۔

شاہد آفریدی کو عبوری سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیے جانے پر دانش کنیریا نے طنز کرتے ہوئے 2010 میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میچ میں آفریدی کی گیند چبانے کی تصویر اپ لوڈ کرتے ہوئے ہنسنے والے ایمو جی کے ساتھ'چیف سلیکٹر' لکھا۔

واضح رہے کہ 2010 میں دورہ آسٹریلیا کے دوران ون ڈے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کو فیلڈنگ کے دوران گیند کو دانتوں کے ساتھ چباتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

آفریدی کے اس عمل پر ایکشن لیتے ہوئے آئی سی سی کی جانب سے بال ٹیمپرنگ کے الزام میں شاہد آفریدی پر 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کی پابندی لگائی گئی تھی۔

تاہم دانش کنیریا کے طنزیہ ٹوئٹ پر جہاں سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا وہیں اداکار ومیزبان فہد مصطفیٰ بھی سابق کپتان کی حمایت میں بول پڑے۔

فہد مصطفیٰ نے سوشل میڈیا پر آفریدی کے خلاف ٹوئٹ کرنے پر دانش کنیریا کو کراکرا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ'آفریدی آپ کی طرح فکسر نہیں ہیں '۔

یاد رہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ نے 2012 میں دانش کنیریا کو کرکٹر ویسٹ فیلڈ کو فکسنگ پر اُکسانے کے جرم میں تاحیات پابندی عائد کی تھی۔

فکسنگ کیس میں تاحیات پابندی کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے سابق لیگ اسپنر دانش کنیریا نے 6 سال بعد غلطی کا اعتراف کیا تھا۔

دانش کنیریا نے کہا کہ ویسٹ فیلڈ دولت کمانا چاہتا تھا اور میرا فرض تھا کہ اسے خبردار کرتا لیکن میں نے ایسا نہیں کیا اور میں نے جان بوجھ کر میرون ویسٹ فیلڈ کو مشکوک شخص انوبھٹ سے ملوایا۔

سابق لیگ اسپنر نے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ میں اپنے تمام مداحوں، پاکستانیوں اور ایسیکس کاؤنٹی کے ساتھیوں سے معذرت خوا ہوں، میں اپنی غلطی پر شرمندہ ہوں اور جو کچھ ہوا اس پر مجھے سخت ندامت ہے

مزید خبریں :