27 دسمبر ، 2022
قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ ٹیم میں واپسی کیلئے جلدبازی نہیں کرنا چاہتا اور شادی کی تیاری اچھی چل رہی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں شاہین آفریدی کا کہنا تھاکہ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں واپسی ابھی مشکل ہے، جلدبازی نہیں کرنا چاہتا، یہ نہ ہوکہ ایک دو میچ کےبعد پھران فٹ ہوجاؤں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کیلئے تیاری کررہے ہیں، ابھی 40 دن ہیں، پی ایس ایل میں ایکشن میں دکھائی دوں گا۔
اپنی شادی سے متعلق شاہین آفریدی نے بتایا کہ شادی کی تیاری اچھی چل رہی ہے۔
فاسٹ بولر حارث رؤف کا کہنا تھاکہ انجری سے ریکوری کر رہا ہوں، نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں ایکشن میں دکھائی دوں گا۔
خیال رہے کہ شاہین آفریدی کی شادی سابق کرکٹر و عبوری چیف سلیکٹر شاہد آفریدی کی بیٹی سے ہونی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس وقت دونوں خاندان شادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں، شاہین آفریدی 3 فروری 2023کو سپر اسٹار شاہد خان آفریدی کی بیٹی انشا ء آفریدی کے ساتھ رشتہ ازدواج سے منسلک ہو رہے ہیں۔