Time 30 دسمبر ، 2022
کھیل

سرفراز نے اچھا کم بیک کیا، دونوں اننگز میں شاندار بیٹنگ کی، بابر اعظم

فوٹو: پی سی بی
فوٹو: پی سی بی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ابتدا میں کہا تھا کہ ٹیسٹ میں  رزلٹ کی طرف جائیں گے۔

کراچی میں کھیلا گیا پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا۔ 

میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ چانس لینا چاہیے اور ڈکلئیر کر کے چانس لیا، میرے مائنڈ میں تھا کہ چانس لینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عبوری سلیکشن کمیٹی سے بات ہوتی ہے، میرا فوکس اس وقت ٹیسٹ میچ پر ہے۔

اس کے علاوہ سرفراز احمد کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چار سال بعد کم بیک کرنے کا بہت پریشر ہوتا ہے ،سرفراز نے اچھا کم بیک کیا، انہوں نے دونوں اننگز میں بیٹنگ شاندار کی لیکن دوسری انگز کی بیٹنگ بہترین تھی۔

بابر اعظم نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں میں جو چل رہا ہے ٹیم پر اس کا اثر نہیں ہو رہا، باہر کی باتیں باہر ہیں ہمارا فوکس ٹیسٹ میچ پر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بیٹنگ ہماری اسٹرینتھ ہے، جس طرح ہم نے کم بیک کیا شاندار تھا، بیٹنگ لائن اپ نے شاندار کھیل پیش کیا، سعود شکیل ڈرا کے مائینڈ سیٹ سے کھیل رہا تھا۔

بابر نے مزید کہا کہ کوچ اور کپتان وکٹ کا بتا سکتے ہیں اور اس طرح کی وکٹ ملتی بھی ہے، میر حمزہ اور وسیم جونیئر نے اچھی بولنگ کی ۔

اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ بھی بہت اچھا کھیلی اس کو شاباش دینی چاہیے۔

واضح رہے کہ کراچی ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان نے اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کردی جس کے بعد نیوزی لینڈ کو باقی 15 اوورز میں 138 رنز کا ہدف ملا تھا۔

نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں نے تیز کھیل کر ہدف حاصل کرنے کی کوشش کی تاہم 8 ویں اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 61 کے مجموعی رنز پر کم روشنی کے باعث کھیل ختم کردیا گیا اور یوں دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا۔

4 سال بعد ٹیسٹ میچ کھیلنے والے سرفراز احمد پہلی اننگز میں 86  اور دوسری اننگز میں 53 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ 

مزید خبریں :