Time 30 دسمبر ، 2022
پاکستان

حکومت کی سکیورٹی فراہمی سے معذرت، اسلام آباد میں فوری بلدیاتی انتخابات ممکن نہیں: ذرائع

اسلام آباد میں کل بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں، حکومت نے بھی سکیورٹی کی فراہمی کیلئے معذرت کرلی ہے: ذرائع الیکشن کمیشن— فوٹو:فائل
اسلام آباد میں کل بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں، حکومت نے بھی سکیورٹی کی فراہمی کیلئے معذرت کرلی ہے: ذرائع الیکشن کمیشن— فوٹو:فائل

وفاقی حکومت نے عدالتی حکم پر بلدیاتی انتخابات کیلئے سکیورٹی کی فراہمی سے معذرت کرلی اورٹرانسپورٹ و دیگر انتظامات نہ ہونے پر بلدیاتی انتخابات کا کل انعقاد ممکن نہیں۔

ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس  ہوا جس میں عدالتی فیصلے پر غور کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں کل بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں، انتخابات کیلئے پریذائیڈنگ آفیسرز اور پولنگ عملے کا انتظام نہیں ہوسکا۔

ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے بھی سکیورٹی کی فراہمی کیلئے معذرت کرلی ہے، ٹرانسپورٹ اور دیگر انتظامات بھی اتنے کم وقت میں ممکن نہ ہوسکے۔

ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ مواد کی ترسیل بھی اتنے کم وقت میں ممکن نہیں، جلد بازی میں الیکشن سے شفافیت پر سوالات اٹھ جائیں گے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ بھی الیکشن کمیشن سے واپس روانہ ہوگئے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو کل (31 دسمبر) کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے۔

مزید خبریں :