31 دسمبر ، 2022
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے عدالتی حکم کے باوجود اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن نہ کرانے کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں عمران خان نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود انتخابات نہ کرا کر الیکشن کمیشن نے خود کو حکومت کی بی ٹیم ثابت کیا۔
عمران خان نے کہا کہ پی ڈی ایم عوام سے خوفزدہ ہو چکی ہے اور انتخابات سے بھاگ رہی ہے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ ووٹ بنیادی جمہوری حق ہے، پی ٹی آئی اس کے لیے جدوجہد کرے گی۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے گزشتہ روز کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو آج (31 دسمبر) کو وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا تاہم وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن کو سکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت کر لی تھی اور الیکشن عملہ بھی فوری دستیاب نہیں تھا۔
ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ اتنی کم مدت میں الیکشن کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے 4 سے 5 ماہ درکار ہیں۔