31 دسمبر ، 2022
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ساتھی کرکٹر حارث رؤف کے نکاح میں شرکت نا کرنے سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیا ہے۔
حار ث رؤف نے اپنی کلاس فیلو مزنا مسعود ملک سے 24 دسمبر کو نکاح کیا جس کی تصاویر اور ویڈیوز کئی روز تک سوشل میڈیا کی زینت بنی رہیں۔
کرکٹر کے نکاح کی تقریب میں فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی سمیت سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی شرکت کی، تاہم مداح کپتان بابر اعظم کو ڈھونڈتے رہے، اس حوالے سے کئی صارفین نے ٹوئٹس بھی کی تھیں۔
اب معروف ویب شو کرنے والی میزبان آمنہ عیسانی نے حال ہی میں بتایا کہ انہوں نے بابر اعظم سے یہی سوال پوچھا جس کا کپتان نے جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ 'میں نے بابر سے پوچھا کہ آپ حارث کی شادی میں نہیں گئے، کیونکہ اس وقت تصاویر آرہی تھیں، جس پر بابر نے گھورتے ہوئے کہا کہ پھر میں میچ نا کھیلوں؟'
میزبان نے ہنستے ہوئے کہا کہ میں ہنس پڑی اور میں نے کہا نہیں نہیں آپ میچ کھیلیں، انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ کراچی میں 26 سے 30 دسمبر تک کھیلا گیا تھا جبکہ حارث رؤف کے نکاح کی تقریب 24 دسمبر کو اسلام آباد میں انجام پائی تھی۔